لاہور(کر ائم رپو رٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ شاہراہوں کے ویژن کے تحت پنجاب پولیس اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کے درمیان مسافروں کی سیفٹی اور سکیورٹی مضبوط بنانے کے لیے اہم ایم او یو طے پا گیا ۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور ایڈیشنل آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس سعد اختر بھروانہ نے معاہدے پر دستخط کیے۔ معاہدہ کے مطابق دونوں فورسز مشترکہ سیفٹی آپریشنز، ہاٹ لائن رابطہ اور رئیل ٹائم انٹیلی جنس شیئرنگ کے تحت قومی شاہراہوں پر مربوط سکیورٹی یقینی بنائیں گی۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق موٹر ویز کے مخصوص مقامات پر دونوں فورسز نے رات گئے سے ہی پبلک سروس وہیکلز کی مشترکہ چیکنگ کا آغاز کر دیا ۔ ڈرائیورز، کنڈیکٹرز اور ہیلپرز کا ڈیٹا جمع کیا جا رہا ہے جبکہ غیر تصدیق شدہ عملے کو موٹر وے میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ دہشت گردی، سمگلنگ اور چوری شدہ گاڑیوں کی روک تھام کے لیے رئیل ٹائم انٹیلی جنس شیئرنگ فعال کر دی گئی ہے۔ نیشنل ہائی ویز پر مشتبہ افراد کی نقل و حرکت اور دورانِ سفر جرائم میں ملوث عناصر پر فوری الرٹ جاری ہو سکے گا۔
(روز نامہ پاکستان)
************************
