آئی جی کی زیر صدارت اجلاس،تعلیمی اداروں کی سکیورٹی سخت،3500 پروموشنز کا اعلان

Dec 09, 2025

لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت اہم ویڈیولنک اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں ہوا جس میں آئی جی پنجا ب نے صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا لاہور، راولپنڈی، ملتان سمیت تمام اضلاع میں فوری طور پر سویپ اینڈ کومبنگ آپریشنز شروع کیے جائیں۔ سکولز و کالجز کے داخلی و خارجی راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے، سکیورٹی گارڈز اور ایمرجنسی انخلا کے انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے بتایا کہ پنجاب پولیس میں آنیوالے دنوں میں 3500 مزید پروموشنز دی جائیں گی۔ ڈاکٹر عثمان انور دوران ڈیوٹی زخمی ہونیوالے غازی اہلکاروں کے بہترین علاج معالجے کیلئے پرعزم ہیں جس کے تسلسل میں لاہور سمیت مختلف اضلاع کے زخمی اہلکاروں کو طبی اخراجات کی ادائیگی کیلئے مزید 20 لاکھ روپے کی رقم جاری کر دی گئی۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب سے پولیس ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ نے سنٹرل پولیس آفس لاہور میں ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔

(روز نامہ نوائےوقت)

****************************