پنجاب پولیس اپنے شہداء کے اہلخانہ کو چھت کی فراہمی کے لیے پرعزم

پنجاب پولیس اپنے شہداء کے اہلخانہ کو چھت کی فراہمی کے لیے پرعزم
شہید کانسٹیبل محمد ساجد کے اہلخانہ کو ایک کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کا گھر دے دیا گیا
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خصوصی کاوش سے شہید کے اہلخانہ کو لاہور کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں گھر فراہم کیا گیا
 
پنجاب پولیس اپنے شہداء کے اہلخانہ کو رہائش کی فراہمی کے مشن پر عمل پیرا ہے۔ فرض کی راہ میں جامِ شہادت نوش کرنے والے کانسٹیبل محمد ساجد کے اہلخانہ کو ایک کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کا گھر فراہم کر دیا گیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ شہید کے اہلخانہ کی پسند کے مطابق لاہور کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں یہ گھر خرید کر دیا گیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خصوصی کاوش پر حکومت پنجاب نے شہید کے اہلخانہ کو گھر کی فراہمی کے لیے فنڈز جاری کیے۔ یاد رہے کہ شہید کانسٹیبل محمد ساجد نے 2024ء میں کچہ کے علاقے میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جام شہادت نوش کیا۔ شہید کانسٹیبل محمد ساجد کے اہلخانہ میں والدین، چار بھائی اور دو بہنیں شامل ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید کانسٹیبل محمد ساجد کی لازوال قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کانسٹیبل محمد ساجد نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر فرائض کی ادائیگی کے دوران جامِ شہادت نوش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس اپنے بہادر فرزند کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس، شہید کانسٹیبل محمد ساجد جیسے 1700 سے زائد شہداء کی امین فورس ہے۔ شہداء کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر1195)

سیدمبشر حسین

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

 
 
 
Press Release Date: 
Tuesday, December 9, 2025