لاہور(نامہ نگار) ایسوسی ایشن آف فارمر انسپکٹرز جنرل آف پولیس پنجاب چیپٹر کے وفد نے سنٹرل پولیس آفس لاہور کا دورہ کیا۔ وفد کی قیادت صدر اے ایف آئی جی پی پنجاب چیپٹر سابق آئی جی پنجاب احمد نسیم نے کی جبکہ جنرل سیکرٹری سابق ایڈیشنل آئی جی غالب بندیشہ، سابق آئی جیز کیپٹن (ر) عارف نواز خان، طارق کھوسہ، الطاف قمر اور دیگر سینئر سابق افسران و عہدیداران شامل تھے۔ وفد کی سی پی او آمد کے موقع پر پر ایڈیشنل آئی جی ساوتھ پنجاب محمد کامران خان، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون سلیمان سلطان رانا، اے آئی جی ایڈمن اینڈ سکیورٹی ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی سمیت دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے عہدیداران کو ایسوسی ایشن کے حالیہ انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور وفد کا خیر مقدم کیا۔ ملاقات میں صوبے میں مجموعی سکیورٹی صورتحال،پالیسی امور، ریاست کا تحفظ، رٹ کے قیام، پالیسی امور، اصلاحات، پولیسنگ، ٹریننگ، سروس ڈیلیوری اور ادارے کی بہتری کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جبکہ ڈاکٹر عثمان انور سے پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ نے سنٹرل پولیس آفس لاہور میں ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب نے ملازمین کی مختلف نوعیت کی درخواستیں سنیں اور فوری ریلیف کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔
(روز نامہ نوائےوقت)
***********************
