وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا جدید ٹریفک سسٹم، اصلاحات کے نفاذ کا حکم

Dec 01, 2025
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق جدید ٹریفک سسٹم اور اصلاحات کے نفاذ کے لیے جاری اقدامات کے تحت پنجاب پولیس نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر بھرپور کریک ڈاؤن جاری رکھا ہوا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 3195 افراد گرفتار جبکہ 3215 مقدمات درج کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران 12 ہزار 814 گاڑیاں، موٹرسائیکلیں اور رکشے مختلف تھانوں میں بند کیے گئے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 50 ہزار 480 چالان جاری کیے گئے اور 06 کروڑ 30 لاکھ روپے سے زائد جرمانے کیے گئے۔ دھواں چھوڑنے والی 3511 گاڑیوں کے چالان، 384 گاڑیاں تھانوں میں بند جبکہ 03 گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ ضبط کیے گئے۔ پنجاب بھر میں 42 ہزار 561 افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے جبکہ گزشتہ 7 دنوں کے دوران 2 لاکھ 57 ہزار سے زائد چالان اور 20 کروڑ 30 لاکھ روپے جرمانے کیے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت  تعین کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترمیم شدہ ٹریفک قوانین، اصلاحات اور جدید نظام پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے ایس ایچ اوز اور ایس ڈی پی اوز کو بے ہنگم ٹریفک کے خاتمے اور حادثات سے بچاؤ کے لیے مشترکہ اقدامات کی ہدایت بھی جاری کی۔
(روز نامہ انصاف)
*************************