لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پولیس افسران اور جوان انتہائی الرٹ رہ کر ا شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔آئی جی کی ہدایت پر لاہور سمیت صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی عباداتی دعائیہ پروگرام کے دوران پنجاب پولیس نے ہائی الرٹ رہ کر سکیورٹی کے فرائض انجام دیے۔ قبل ازیں آئی جی پنجاب نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو گرجا گھروں کی سکیورٹی بڑھانے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ سپروائزری افسران گرجا گھروں اور دیگر اہم مقامات کے سکیورٹی انتظامات خود چیک کریں۔ حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری اور سنائپرز تعینات کیے جائیں جبکہ ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں گرجا گھروں کے گرد مؤثر پٹرولنگ کو یقینی بنائیں۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تعینات پولیس افسران اور جوان انتہائی الرٹ رہیں اور شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔ گرجا گھروں، مسیحی آبادیوں اور حساس مقامات کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی جاری رکھے جائیں تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رہے۔
(روز نامہ جنگ)
************************