Nov 30, 2025
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ڈرگ فری پنجاب ویژن کے تحت پنجاب پولیس کے کامیاب کریک ڈاؤن جاری ہیں اسی سلسلے میں پنجاب پولیس ڈیرہ غازی خان نے منشیات فروشوں کے خلاف بڑا ایکشن کیا جس کے نتیجے میں دو بدنام زمانہ منشیات فروشوں کو ہلاک ہو گئے جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ اور منشیات بھی برآمد کرلی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس ڈیرہ غازی خان پولیس نے تھانہ ریتڑہ اور کوٹ قیصرانی کے علاقوں میں منشیات فروشوں کے خلاف ٹارگٹڈ کریک ڈاؤن کیا۔ پولیس آپریشن کے دوران منشیات فروشوں کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ منشیات فروشوں کی اپنی ہی اندھا دھند فائرنگ کے باعث بدنام زمانہ منشیات فروش رفیع سیٹھ اور غلام اکبر موقع پر ہلاک ہوگئے۔ ڈی پی او ڈیرہ غازی خان محمد علی وسیم خود موقع پر موجود رہے اور آپریشن کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈی پی او ڈیرہ غازی خان نے بتایا کہ فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈیرہ غازی خان پولیس کی کامیاب کارروائی پر ٹیم کو شاباش دی اور منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عملدرآمد جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے فائرنگ سے زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کے علاج معالجے کیلئے بہترین طبی سہولیات یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔
(روز نامہ انصاف)
***************************