لاہور (کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس لاہور میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بہتر ٹریفک مینجمنٹ اور محفوظ سفر کے ویعن کے تحت مقرر کیے گئے اہداف کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔آئی جی پنجاب نے ٹریفک سے متعلق ترمیم شدہ قوانین، اصلاحات اور جدید نظام پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا۔ انہوں کہا کہ ڈی پی اوز ٹریفک اہداف کے حصول میں ٹریفک پولیس کی بھرپور معاونت کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈی پی اوز، سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز دی گئی ڈیڈ لائن کے اندر ٹریفک مینجمنٹ کے مطلوبہ نتائج دینے کے ذمہ دار ہوں گے۔ ایس ایچ اوز اور ایس ڈی پی اوز کو بے ہنگم ٹریفک کے خاتمے اور حادثات کی روک تھام کے لیے باہمی رابطے سے موثر اقدامات کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ آئی جی پنجاب بے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ٹریفک اصلاحات، قوانین سب کے لئے برابر ہیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ پولیس گاڑیوں سے سیاہ (Tainted) شیشے فوری طور پر ہٹائے جائیں۔ پولیس افسران و اہلکاروں کی سرکاری و نجی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں ہرگز بغیر رجسٹریشن پلیٹ کے نہیں ہونی چاہیے۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ٹریفک قوانین دیگر شہریوں کی طرح پولیس افسران و اہلکاروں پر بھی مساوی طور پر لاگو ہوں گے۔ سیاہ شیشوں، بغیر نمبر پلیٹ گاڑی یا موٹر سائیکل کی کسی بھی خلاف ورزی پر متعلقہ ایس ایچ اوز، انچارجز، ضلعی افسران، یونٹس اور فارمیشنز سربراہان ذمہ دار ہوں گے۔سیاہ شیشوں، بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی قانون شکنی پر افسران، اہلکار اور ذمہ دار سربراہان کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
(روز نامہ جنگ)
**********************
