لاہور(نامہ نگار)پنجاب پولیس فلم فیسٹیول میں اول آنیوالی کرائم تھرل فلم ’’ججی‘‘ کو بین الاقوامی سطح پر بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ فلم ’’ججی‘‘ کو ایمازون پرائم کے بینر تلے امریکہ اور برطانیہ میں نمائش کیلئے پیش کر دیا ۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے فلم ’’ججی‘‘ کی عالمی سطح پر پذیرائی پر ڈائریکٹر حبیب شہزاد کو خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے کہا پولیس فورس کی کامیابیوں اور کاوشوں کو اجاگر کرنے میں نجی فلم ساز اداروں کی فلمز اور ڈراموں کا کلیدی کردار ہے۔ کرائم موضوعات پر معیاری اور سبق آموز فلموں کی تیاری کیلئے نجی فلم ساز اداروں کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔پنجاب پولیس نے گزشتہ سال کرائم تھیم پر فلم فیسٹیول کا انعقاد کیا تھا جس میں نجی فلم ساز اداروں کی تیار کردہ فلموں کا مقابلہ کرایا گیا۔ نجی فلم ساز ادارے بی ایچ ایم فلمز کی تخلیق ’’ججی‘‘ کو بہترین کہانی اور اداکاری سمیت تمام شعبوں میں اوّل قرار دیا گیا تھا۔ پاکستان کے نامور فنکار توقیر ناصر، عثمان پیر زادہ اور سید نور نے پنجاب پولیس فلم فیسٹیول میں ججز کے فرائض سرانجام دئیے تھے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ فلم ’’ججی‘‘ عالمی اور قومی سطح پر بھی متعدد ایوارڈز حاصل کر چکی ہے۔
(روز نامہ نوائےوقت)
***********************