انسپکٹر جنرل پولیس ہنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے پراونشل مینیجمنٹ سروس ( پی ایم ایس) کے امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے پنجاب پولیس کے تین افسران نے سنٹرل پولیس آفس لاہور میں ملاقات کی۔ ان کامیاب افسران میں انسپکٹر لیگل جاوید اقبال، لیڈی اسسٹنٹ بسمہ عبدالستار اور سب انسپکٹر صداقت علی چدھڑ شامل ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تینوں افسران کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے انہیں اور ان کے اہل خانہ کو شاندار کارکردگی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ تینوں افسران نے محنت، قابلیت اور لگن کے ساتھ امتحان پاس کر کے محکمہ پولیس کا نام روشن کیا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ بطور پی ایم ایس افسر اپنی ٹریننگ بھرپور محنت، توجہ اور تندہی کے ساتھ مکمل کریں، پیشہ ورانہ ورکنگ کو سمجھ کر نئے آئیڈیاز کے تحت شہریوں کی خدمت کو اپنا مشن بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیسنگ کے تجربات کی روشنی میں شہریوں کے مسائل کو زیادہ بہتر انداز میں حل کیا جا سکتا ہے۔
(روز نامہ انصاف)
*********************
