Nov 13, 2025
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت صوبے بھر کی سکیورٹی، لا اینڈ آرڈر اور دیگر امور کے حوالے سے اہم ویڈیو لنک اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا۔آئی جی پنجاب نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی کے انتظامات مزید مؤثر بنانے، دہشتگرد و شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھنے اور ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر عدالتوں، ججز کے رہائشی علاقوں، چینی پراجیکٹس، جوڈیشل کمپلیکسز اور حساس مقامات پر پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ کچہریوں، عدالتوں اور ججز کے رہائشی علاقوں کی سکیورٹی مزید بڑھا دی گئی ہے، جبکہ سی ٹی ڈی کی زیر نگرانی اہم روٹس اور مقامات پر کومبنگ و سرچ آپریشنز تیزی سے جاری ہیں۔ بین الصوبائی سرحدی پولیس چوکیوں، داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی کمپلیکسز، چینی پراجیکٹس اور ججز رہائشگاہوں کا سکیورٹی آڈٹ مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ تمام جوڈیشل کمپلیکسز کی سکیورٹی کا ازسرنو جائزہ لے کر فول پروف پلان تشکیل دیا گیا ہے۔ سیف سٹی کیمروں کی نگرانی اور کوریج کا دائرہ کار بھی تمام عدالتی کمپلیکسز تک بڑھا دیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ عدالتی کمپلیکسز میں داخل ہونے والی گاڑیوں کے لیے سٹیکرزسکیم نافذ کر دی گئی ہے۔ خصوصی سکیورٹی زونز قائم کیے گئے ہیں اور کسی بھی غیر متعلقہ گاڑی کو احاطہ عدالت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ججز کی گزرگاہوں کی سرچ اینڈ سویپنگ روزانہ کی بنیاد پر کی جا رہی ہے، جبکہ حساس دفاتر و عمارتوں کے داخلی راستوں پر سکیورٹی آلات کے موثر استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
(روز نامہ انصاف)
********************
