لاہور(نامہ نگار)پنجاب پولیس قتل،اغوا برائے تاوان،زیادتی، ڈکیتی سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث گینگز کیخلاف مؤثر کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔رواں سال پنجاب پولیس نے 4916 گینگز کے 12 ہزار سے زائد خطرناک مجرمان گرفتار کر لئے جبکہ مجرمان کے قبضہ سے 3 ارب 25 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا گیا۔ مال مسروقہ میں گاڑیاں، موٹر سائیکلیں، موبائل فونز، سونا، مویشی اور نقدی شامل ہے۔ مجرمان کے قبضہ سے 1529 کلاشنکوف، 2651 رائفلز، 34072 پسٹلز، 2967 بندوقیں، 489 ریوالور اور 2 لاکھ 27 ہزار سے زائد گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔ لاہور میں 2438 گینگز کے 5408 مجرمان گرفتار کئے گئے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف آپریشنز میں مزید تیزی لانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کرائم فری صوبہ بنانے کیلئے خطرناک مجرمان کیخلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رکھی جائیں۔لاہور سمیت مختلف اضلاع کے زخمی اہلکاروں کو طبی اخراجات کی ادائیگی کیلئے مزید 22 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم جاری کر دی گئی۔ زخمی کانسٹیبل ریاست علی کو 5 لاکھ روپے،زخمی انسپکٹر کامران شہزاد کو 5 لاکھ روپے اور زخمی کانسٹیبل تجمل عزیز کو بھی 5 لاکھ روپے،زخمی کانسٹیبل محمد عدنان کو 3 لاکھ روپے،زخمی سب انسپکٹر عمر فاروق کو 2 لاکھ روپے، زخمی کانسٹیبل محمد اختر کو ڈیڑھ لاکھ روپے اور زخمی کانسٹیبل عابد حسین کو ایک لاکھ روپے طبی اخراجات کی مد میں فراہم کئے گئے۔ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس عمران ارشد کی زیر صدارت کمپنسیشن ایوارڈ کمیٹی نے فنڈز اجراء کی منظوری دی۔
