پولیس شہداء کے بچوں کی مفت تعلیم‘خصوصی رعایت کیلئے مفاہمتی یادداشت

Nov 07, 2025

لاہور(نامہ نگار)پنجاب پولیس اپنے شہداء اور حاضر سروس ملازمین کے بچوں کی اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔ پنجاب پولیس اور نجی تعلیمی ادارے کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو)پر دستخط کرنے کی تقریب سنٹرل پولیس آفس میں منعقد کی گئی۔تقریب میں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور کپس ایجوکیشن سسٹم کے چیف ایگزیکٹو عابد وزیر خان نے ایم او یو پر دستخط کئے۔ معاہدے کے تحت نجی تعلیمی ادارے کے تمام سکولوں، کالجز اور ایوننگ کوچنگ سنٹرز میں داخلوں، فیسوں اور امتحانات کی تیاری کے تمام اخراجات میں پولیس اہلکاروں کے بچوں کیلئے خصوصی رعایت دی جائیگی۔ پولیس شہدا کے بچوں کو داخلے اور تعلیمی اخراجات میں 100 فیصد رعایت فراہم کی جائیگی۔ دورانِ سروس انتقال کرنے والے ملازمین کے بچوں کو داخلے اور ماہانہ ٹیوشن فیس میں 40 فیصد رعایت دی جائیگی۔ حاضر سروس پولیس ملازمین کے بچوں کیلئے داخلے اور ماہانہ فیس میں 35 فیصد رعایت دی جائیگی۔ انتہائی مستحق طلبہ کو کیس ٹو کیس بنیاد پر مکمل فیس معافی کی رعایت دی جائیگی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ کپس ایجوکیشن سسٹم کو کوالٹی ایجوکیشن کے حوالے سے پاکستان بھر میں منفرد حیثیت حاصل ہے۔معروف تعلیمی اداروں کیساتھ اس نوعیت کے معاہدوں سے پولیس ملازمین کے بچے بہترین ماحول میں معیاری تعلیم کے حصول کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔

(روز نامہ نوائےوقت)

*********************