پنجاب پولیس راجن پور کا سونمیانی کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف کامیاب آپریشن، مغوی شہری بازیاب
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی راجن پور پولیس کو شاندار کارکردگی پر شاباش
پنجاب پولیس راجن پور نے سونمیانی کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف بھرپور آپریشن کرتے ہوئے ایک مغوی شہری کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس کی بھاری نفری نے کچے کے علاقے میں موجود ڈاکوؤں کی کمین گاہ میں داخل ہو کر کارروائی کی جس کے دوران مغوی گل گانور کو ڈاکوؤں کے قید سے بازیاب کرایا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ مغوی کو چند روز قبل کچہ بنگلہ اچھا کے علاقے سے اغوا کیا گیا تھا اور ڈاکو مغوی کی رہائی کے لیے بھاری تاوان کا مطالبہ کر رہے تھے۔ مزید یہ کہ ڈاکوؤں نے مغوی پر تشدد کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل کی تھی۔آپریشن کے دوران راجن پور پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس کے دباؤ کے باعث ڈاکو اپنی کمین گاہ چھوڑ کر فرار ہو گئے، جبکہ ان کا تعاقب جاری ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مغوی شہری کی بحفاظت بازیابی پر راجن پور پولیس کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور پولیس ٹیم کو شاباش دی ہے۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر1099)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************
