گرجا گھروں میں دعائیہ تقریبات ‘ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات

Nov 03, 2025

لاہور(نامہ نگار)پولیس نے لاہور سمیت صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں اتوار کے روز سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے تھے۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر لاہور سمیت صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی عباداتی دعائیہ پروگرام کے دوران پنجاب پولیس نے ہائی الرٹ رہ کر سکیورٹی کے فرائض انجام دئیے۔ آئی جی پنجاب نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو گرجا گھروں کی سکیورٹی بڑھانے کے احکامات جاری کئے۔انہوں نے کہا کہ سپروائزری افسران گرجا گھروں اور دیگر اہم مقامات کے سکیورٹی انتظامات خود چیک کریں۔ حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری اور سنائپرز تعینات کئے جائیں جبکہ ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں گرجا گھروں کے گرد مؤثر پٹرولنگ کو یقینی بنائیں۔ گرجا گھروں، مسیحی آبادیوں اور حساس مقامات کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی جاری رکھے جائیں۔ علماء، مسیحی کمیونٹی اور امن کمیٹیوں کے ارکان بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیں۔لاہور پولیس کی جانب سے گزشتہ روز شہر بھر کے گرجا گھروں میں دعائیہ تقریبات کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔2344 پولیس افسران و جوان گرجا گھروں کی سکیورٹی پر مامور تھے۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے سینٹ انتھونی چرچ،میری چرچ انارکلی،کیتھیڈرل چرچ سمیت دیگر گرجا گھروں کا دورہ کیا۔ انہوں نے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈی آئی جی نے چرچ انتظامیہ سے ملاقات کے دوران کہا کہ سپروائزری افسران بھی فیلڈ میں موجود ہیں اور انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔گرجا گھروں کے اطراف مؤثر پٹرولنگ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

(روز نامہ نوائےوقت)

*************************