مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، مارکیٹوں کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے: آئی جی

Nov 01, 2025

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جمعۃ المبارک کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی بڑھانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، مارکیٹوں اور حساس مقامات کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ شرپسند اور ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھیں جبکہ سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز بھی مسلسل جاری رکھیں جائیں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ مساجد، امام بارگاہوں، کاروباری مراکز اور شاہراہوں کے اطراف پٹرولنگ بڑھائی جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ لا اینڈ آرڈر کا قیام، شہریوں کی جان و مال اور املاک کا تحفظ پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ اس سلسلے میں تمام ڈی پی اوز اور سینئر پولیس افسران فیلڈ میں موجود رہیں اور سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزید ہدایت کی کہ پولیس افسران نمازِ جمعہ کے بعد مساجد میں شہریوں کے مسائل سنیں اور موقع پر ان کے حل کے لیے اقدامات کریں۔ 

(روز نامہ خبریں)

***********************