پنجاب پولیس راجن پور کا کچہ روجھان میں کامیاب ٹارگٹڈ آپریشن
پولیس کا ڈاکوؤں سے مقابلہ،4 مغوی شہری بحفاظت بازیاب کرالیے
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی پولیس ٹیم کو شاندار کارکردگی پرشاباش
پنجاب پولیس راجن پور نے کچہ سرکل روجھان میں مغوی افراد کی بازیابی کے لیے کامیاب ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔ پولیس ٹیم نے ڈاکوؤں کے ساتھ مقابلے کے بعد چار مغوی شہریوں کو بحفاظت بازیاب کرایا۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ڈاکو مغوی افراد کو ایک مقام سے دوسرے مقام پر منتقل کر رہے تھے کہ پولیس نے ان کا تعاقب کرتے ہوئے گھیراؤکیا۔ اس دوران پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ تاہم گنے کی فصل میں چھپے ڈاکو رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ مفرور ڈاکوؤں کو جلد گرفتار کیا جا سکے۔ انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے راجن پور پولیس کی بروقت کارروائی اور چار مغوی شہریوں کی بحفاظت بازیابی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ایسے آپریشنز بلا تعطل جاری رکھے جائیں۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر1079)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************
