لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس ملازمین کے سپیشل بچوں کی فلاح و بہبود اور بحالی کیلئے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں جس کے تسلسل میں پولیس ملازمین کے سیریبل پالسی مرض کا شکار بچوں کیلئے مزید 40 لاکھ 50 ہزار روپے کے فنڈز جاری کر دئیے گئے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیں نے کہا پولیس ملازمین کے 135 سپیشل بچوں کو 30 ہزار روپے فی کس ،پولیس ملازمین کے سیریبل پالسی مرض میں مبتلا بچوں کی ویلفیئر کیلئے ماہانہ 10 ہزار روپے فی بچہ دئیے جا رہے ہیں۔جبکہ پنجاب پولیس راجن پور نے کچہ کریمنلز کیخلاف بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے تھانہ روجھان کے علاقے سے چند روز قبل اغوا ہونے والے مغوی عبدالرزاق کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔ راجن پور پولیس کی جانب سے مغوی کے اغوا کا مقدمہ تھانہ روجھان میں درج کیا گیا تھا۔ تاہم پولیس کی بروقت کارروائی اور مؤثر حکمت عملی کے نتیجے میں ملزمان مغوی کو چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔اہل خانہ نے راجن پور پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ آئی جی پنجاب نے راجن پور پولیس کی ٹیم کو شاباش دی ۔جبکہ ڈاکٹر عثمان انور نے بھکر کے نواحی علاقے وٹھوئے والا، کلورکوٹ میں فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیا۔ آئی جی نے آر پی او سرگودھا سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ڈی پی او بھکر شہزاد رفیق اعوان کو ہدایت کی ہے کہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔
(روز نامہ نوائے وقت)
************************
