Oct 28, 2025
پنجاب پولیس راجن پور نے کچہ کریمنلز کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے تھانہ روجھان کے علاقے سے چند روز قبل اغوا ہونے والے مغوی عبدالرزاق کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ راجن پور پولیس کی جانب سے مغوی کے اغوا کا مقدمہ تھانہ روجھان میں درج کیا گیا تھا۔ بعد ازاں اطلاع ملی کہ کچہ کریمینلز مغوی کو دوسرے مقام پر منتقل کر رہے ہیں جس پر پولیس نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران پولیس اور کچہ کریمنلز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، تاہم پولیس کی بروقت کارروائی اور مؤثر حکمتِ عملی کے نتیجے میں ملزمان مغوی کو چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔ مغوی عبدالرزاق کی بحفاظت بازیابی پر اہل خانہ نے راجن پور پولیس کا شکریہ ادا کیا اور پولیس کے حق میں نعرے بلند کیے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مغوی کی بحفاظت بازیابی پر راجن پور پولیس کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ڈی پی او راجن پور فاروق امجد نے کہا کہ کچہ کریمینلز کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
(روز نامہ نئی بات)
***********************
