آئی جی سے پر تشدد مظاہروں میں شہید 12 افسروں کے اہلخانہ کی ملاقات

Oct 25, 2025
 انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ ملک میں جب بھی سرمایہ کاری آنے لگتی ہے، مسلح جتھے احتجاج کی آڑ میں انتشار، جلاؤ گھیراؤ اور عوامی و ریاستی املاک کو نقصان پہنچانے کی کارروائیاں شروع کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس ملکی معاشی ترقی، شہریوں کے جان و مال اور املاک کے تحفظ کے لیے بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نہیں کرے گی۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ ریاست کی رٹ کو ہر حال میں قائم رکھا جائے گا اور پولیس شہداء کا خون کبھی رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔یہ بات انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس لاہور میں ٹی ایل پی کے پرتشدد مظاہروں کے دوران شہادت پانے والے 12 پولیس افسران کے اہلخانہ سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر ٹی ایل پی کے مسلح جتھوں کی فائرنگ سے شہید انسپکٹر شہزاد نواز جھمٹ اور 2021ء کے پرتشدد مظاہروں میں شہید کیے گئے 11 پولیس افسران کے اہلخانہ موجود تھے۔آئی جی پنجاب نے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہداء کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی بلندی درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ڈاکٹر عثمان انور نے ڈی پی او مظفرگڑھ کو ہدایت کی کہ 2021ء کے ٹی ایل پی مظاہروں کے دوران حادثات کا شکار دو شہید پولیس افسران کے اہلخانہ کے لیے پلاٹس کے انتظامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب پولیس کی لازوال قربانیوں کے اعتراف میں شہداء پیکج کو مزید بہتر بنایا ہے تاکہ شہداء کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔ آئی جی پنجاب نے شہید انسپکٹر شہزاد نواز جھمٹ کے والد اور بھائی کو گلے لگایا اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جبکہ شہداء کے بچوں سے شفقت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں تحائف سے نوازا۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ شہداء پولیس کی قربانیوں کا کوئی نعم البدل نہیں، ان کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود کے لیے گزشتہ پونے تین سال میں فقیدالمثال اقدامات کیے گئے ہیں۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس عمران ارشد، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک، ڈی آئی جی ایس پی یو و ویلفیئر غازی محمد صلاح الدین، اے آئی جی آپریشنز زاہد نواز مروت اور اے آئی جی ایڈمن اسد اعجاز ملہی بھی موجود تھے۔
************************