لاہور(نامہ نگار)پولیس نے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبہ بھر میں گزشتہ روز جمعۃالمبارک کو سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے تھے جبکہ مساجد،امام بارگاہوں، مزارات،مارکیٹوں اور حساس مقامات پر سکیورٹی بڑھا دی گئی تھی۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جمعۃالمبارک کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر کی سکیورٹی بڑھانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، مارکیٹوں اور حساس مقامات کی سکیورٹی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ شرپسند اور ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے اور سرچ، سویپ اینڈ کومبنگ آپریشنز بلا تعطل جاری رکھے جائیں۔ مساجد، امام بارگاہوں، کاروباری مراکز کے اطراف اور شاہراہوں پر پٹرولنگ میں مزید اضافہ کیا جائے۔ امن و امان کا قیام، شہریوں کی جان و مال اور املاک کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ڈی پی اوز سمیت سینئر پولیس افسران فیلڈ میں موجود رہیں اور سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں۔ پولیس افسران نماز جمعہ کے بعد مساجد میں شہریوں کے مسائل سنیں۔ سینئر افسران شہریوں کے مسائل ان کے گھر کی دہلیز پر سن کر فوری حل کو یقینی بنائیں۔
(روز نامہ نوائےوقت)
***********************