غیر قانونی اسلحہ 15 دن کے اندر جمع کروانا ہو گا: آئی جی پنجاب

Oct 25, 2025

لاہور (کر ائم رپو رٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کے مطابق صوبہ کو اسلحہ سے پاک کرنے کے سلسلے میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس لاہور میں ایک اہم پریس کانفرنس کی۔اس موقع پر سپیشل سیکرٹری ہوم فضل الرحمٰن اور ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ہم وزیر اعلیٰ پنجاب کے شکر گزار ہیں جن کی خصوصی ہدایات پر سی سی ڈی اور آر ایم پی کا قیام عمل میں آیا اور پولیس کو درکار سہولیات فراہم کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سرینڈر آف اللیگل آرمز ایکٹ 2025 متعارف کروایا جا رہا ہے جس کے تحت صوبہ بھر میں تمام غیر قانونی اسلحہ 15 دن کے اندر جمع کروانا لازم ہو گا جبکہ صوبہ بھر سے ڈالا کلچر کا خاتمہ بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ 10 لاکھ سے زائد لائسنس یافتہ اسلحہ کی از سرِ نو جانچ پڑتال کی جائے گی اورصوبہ بھر میں سکروٹنی اینڈ سرچ آپریشنز بھی شروع کیے جا رہے ہیں۔ ذاتی دشمنیوں یا اپنی حفاظت کی آڑ میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں کی جائیں گی جبکہ غیرقانونی اسلحہ کی خرید و فروخت میں ملوث افراد کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔غیر قانونی اسلحہ قانون کے مطابق سی سی ڈی، متعلقہ تھانوں اور مقرر کردہ مراکز پر جمع کروایا جا سکے گا، لائسنسز ریگولیٹ کیے جارہے ہیں،  ٹارگٹ کلنگ میں ملوث شوٹرز کیخلاف سخت کاروائیاں عمل میں لائینگے، جرائم کی شرح کم ہوگئی،  اگلے چار ماہ میں اسلحہ کے زور پر ہونے والے جرائم میں 75 فیصد تک کمی لانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

(روز نامہ پاکستان)

***********************