لاہور(نامہ نگار)پنجاب پولیس کے انٹیلی جنس آفیسر محمد عرفان عنایت نے سی ایس ایس امتحان میں کامیابی حاصل کر کے محکمہ پولیس کا نام روشن کر دیا ہے۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سی ایس ایس کوالیفائی کرنے والے انٹیلی جنس آفیسر محمد عرفان عنایت سے ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اہلِخانہ کو بھی مبارک باد پیش کی۔ محمد عرفان عنایت کا انتخاب پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروسز گروپ میں ہوا ہے اور وہ اس وقت پولیس سکول آف انفارمیشن اینڈ انیلسز میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ انٹیلی جنس آفیسر کی سی ایس ایس میں کامیابی سے پولیس فورس کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔آئی جی پنجاب نے محمد عرفان عنایت کو ہدایت کی کہ وہ ٹریننگ بھرپور تندہی اور لگن سے مکمل کریں اور پیشہ ورانہ تجربے کی روشنی میں شہریوں کی خدمت کے نئے آئیڈیاز کیساتھ ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔پولیسنگ کے تجربات کی بنیاد پر شہریوں کے مسائل کو زیادہ مؤثر انداز میں حل کیا جا سکتا ہے۔اپنے اختیارات اور صلاحیتوں کو ملک و قوم کی خدمت اور تعمیر و ترقی کیلئے بروئے کار لائیں۔محمد عرفان عنایت کا محکمہ پولیس کیساتھ تعلق ہمیشہ قائم رہے گا۔
(روز نامہ نوائےوقت)
***********************
