لاہور(نامہ نگار)لاہور سمیت صوبہ بھر میں اتوار کے روز گرجا گھروں میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر لاہور سمیت صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی عباداتی دعائیہ پروگرام کے دوران پنجاب پولیس نے ہائی الرٹ رہ کر سکیورٹی کے فرائض انجام دئیے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو گرجا گھروں کی سکیورٹی بڑھانے کے احکامات جاری کئے۔انہوں نے کہا کہ سپروائزری افسران گرجا گھروں اور دیگر اہم مقامات کے سکیورٹی انتظامات خود چیک کریں۔حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری اور سنائپرز تعینات کیے جائیں جبکہ ڈولفن سکواڈ،پی آر یو اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں گرجا گھروں کے گرد مؤثر پٹرولنگ کو یقینی بنائیں۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تعینات پولیس افسران اور جوان انتہائی الرٹ رہیں اور شر پسند عنصر پر کڑی نظر رکھیں۔علماءکرام، مسیحی کمیونٹی اور امن کمیٹیوں کے ارکان بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔
(روز نامہ نوائےوقت)
***********************