Oct 12, 2025
راجن پور کے تھانہ بنگلہ اچھا کی حدود میں پٹرولنگ پولیس وین پر کچہ کے ڈاکوؤں نے حملہ کردیا۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایلیٹ پولیس اہلکار ناصر میرانی شہید جبکہ 2 اہلکار ڈرائیور کانسٹیبل محمور اور ایلیٹ کانسٹیبل ثنا اللہ زخمی ہو گئے۔ زخمی اہلکاروں کو ابتدائی طبی امداد کے لیئے ہسپتال منتقل کردیاگیا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈی جی خان سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب نے فرض کی راہ میں شہادت کا رتبہ پانے والے بہادر ایلیٹ اہلکار ناصر میرانی کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ آئی جی پنجاب نے ڈی پی او راجن پور کو حکم دیا کہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس شہید پولیس کانسٹیبل ناصر میرانی کے اہلخانہ کو تنہا نہیں چھوڑے گی، فلاح و بہبود کا بھرپور خیال رکھا جائیگا۔
(روز نامہ خبریں)
***********************