ڈرگ فری پنجاب: 79 ہزار 531 چھاپے ،45 ہزار 868 ملزم گرفتار،مقدمات درج

Oct 07, 2025

لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر ڈرگ فری پنجاب ویژن کی تکمیل کیلئے صوبہ بھر میں پنجاب پولیس کے انسدادِ منشیات آپریشنز جاری ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا رواں سال کے دوران صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 79 ہزار 531 چھاپے مارے گئے۔ منشیات کے دھندے میں ملوث 45 ہزار 868 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کیخلاف مقدمات درج کیے گئے۔ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے 27 ہزار 400 کلوگرام چرس، 2507 کلوگرام ہیروئن، 1628 کلوگرام آئس، 2555 کلوگرام افیون اور 6 لاکھ 13 ہزار 753 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں پولیس نے انسدادِ منشیات کارروائیوں کے دوران 9 ہزار 531 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضہ سے 4507 کلوگرام چرس، 511 کلوگرام ہیروئن، 928 کلوگرام آئس، 288 کلوگرام افیون اور 53 ہزار 507 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے منشیات فروشوں، ڈیلرز اور سمگلرز کیخلاف سپیشل آپریشنز میں مزید تیزی کا حکم دیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ سپلائی چین میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر انہیں سخت سزائیں دلوائی جائیں۔

(روز نامہ نوائےوقت)

************************