صوبہ بھر میں گرجا گھروں میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی

Oct 06, 2025

لاہور(نامہ نگار)پولیس نے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبہ بھر میں اتوار کے روز گرجا گھروں میں سکیورٹی ہائی الرٹ کی تھی۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر لاہور سمیت صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی عباداتی دعائیہ پروگرام کے دوران پنجاب پولیس نے ہائی الرٹ رہ کر سکیورٹی کے فرائض انجام دیئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو گرجا گھروں کی سکیورٹی بڑھانے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ ایس پیز اور سپروائزری افسران گرجا گھروں اور دیگر اہم مقامات کے سکیورٹی انتظامات خود چیک کریں۔حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری اور سنائپرز تعینات کئے گئے جبکہ ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں گرجا گھروں کے گرد مؤثر پٹرولنگ کو یقینی بنائی۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تعینات پولیس افسران اور جوان انتہائی الرٹ رہیں اور کسی بھی شر پسند عنصر پر کڑی نظر رکھیں۔گرجا گھروں، مسیحی آبادیوں اور حساس مقامات کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی جاری رکھے جائیں تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رہے۔ علماء کرام، مسیحی کمیونٹی اور امن کمیٹیوں کے ارکان بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔پنجاب پولیس نے مسیحی کمیونٹی سمیت تمام اقلیتوں کے مسائل کے حل کیلئے میثاق سینٹرز قائم کیے ہیں تاکہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا سکیں۔

(روز نامہ نوائے وقت)
***************************