سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا جائے،آئی جی

Oct 05, 2025

لاہور(کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اشتہاری مجرمان اور عدالتی مفروروں کو گرفتار کرنے والی پولیس ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر میں خطرناک مجرموں کی گرفتاری کے لیے کریک ڈاؤن تیزی سے جاری رکھا جائے۔ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ مدعیوں کے ساتھ قریبی رابطہ اور مؤثر انفارمیشن شیئرنگ کے ذریعے سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔آئی جی پنجاب نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے جاری آپریشنز کی ذاتی طور پر نگرانی کریں تاکہ صوبے بھر میں امن و امان کی فضا مزید مضبوط بنائی جا سکے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ رواں سال کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر سے ایک لاکھ 7 ہزار سے زائد اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں اے کیٹگری کے 37 ہزار 409 اور بی کیٹگری کے 70 ہزار 257 اشتہاری شامل ہیں۔مزید بتایا گیا کہ صوبے بھر سے 42 ہزار 528 عدالتی مفروران بھی گرفتار کیے گئے، جن میں اے کیٹگری کے 9743 جبکہ بی کیٹگری کے 32 ہزار 785 عدالتی مفرور شامل ہیں۔

(روز نامہ جنگ)

*************************