آئی جی دوران ڈیوٹی زخمی غازی اہلکاروں کے بہترین علاج معالجے کیلئے پرعزم

Sep 30, 2025

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور دوران ڈیوٹی زخمی ہونیوالے غازی اہلکاروں کے بہترین علاج معالجے کیلئے پرعزم ہیں جس کے تسلسل میں لاہور سمیت مختلف اضلاع کے زخمی اہلکاروں کو طبی اخراجات کی ادائیگی کیلئے مزید 32 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم جاری کردی گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ زخمی انسپکٹر کسور عثمان کو طبی اخراجات کیلئے 15 لاکھ روپے دئیے گئے۔ زخمی کانسٹیبل فیصل شہزاد کو 10 لاکھ روپے، زخمی ہیڈ کانسٹیبل عبدالرحمٰن کو 5 لاکھ روپے جبکہ زخمی کانسٹیبل نعمان اللہ کو اڑھائی لاکھ روپے فراہم کیے گئے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا پولیس غازیوں کا بہترین علاج اور جلد از جلد بحالی اولین ترجیح ہے ۔جبکہ ڈاکٹر عثمان انور نے بہاولپور تھانہ عباس نگر کے علاقہ میں گھریلوجھگڑے پر شوہر کی فائرنگ سے 3 افراد کے قتل کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کر لی۔ انہوںنے ڈی پی او بہاولپور کو فائرنگ میں ملوث ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا ملزم کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ پولیس نے بتایا مقتولین میں ملزم کی بیوی زرینہ بی بی، سالا ریاض اور ساس گلزار بی بی شامل ہیں۔ ڈی پی او بہاولپور حسن اقبال نے کہا سفاک ملزم کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں اور جلدہی ملزم کو گرفتار کر لیں گے۔

(روز نامہ نوائےوقت)

************************