سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی تنظیم نو کیلئے ڈرافت تیار کرنے‘کمیٹی تشکیل دینے کا حکم

Sep 29, 2025

لاہور(نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے صوبہ بھر میں صنعتی،معاشی اور سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے ویژن کے تحت غیر ملکی شہریوں اور چینی باشندوں کی سکیورٹی کو مزید موثر بنانے کیلئے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی تنظیم نو کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ریجنل دفاتر کے قیام، جدید ٹریننگ ماڈیولز، ٹیکنالوجی، لاجسٹکس کے ذریعے ایس پی یو کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائیگا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایس پی یو ہیڈکوارٹرز مناواں کا دورہ کیا۔دورے کے دوران ڈی آئی جی ایس پی یو نے آئی جی پنجاب کو یونٹ کے سکیورٹی مانیٹرنگ سسٹمز پر بریفنگ دی۔آئی جی پنجاب نے ریجنل سطح پر ایس پی یو کی تنظیم نو کیلئے سفارشات پر مبنی لاز ڈرافٹ تیار کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا۔ انہوں نے ایس پی یو اہلکاروں کیلئے سروس سٹرکچر اور پروموشن روڈ میپ مرتب کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایس پی یو میں مقررہ مدت پوری کرنے کے بعد اہلکار ضلعی پولیس میں شامل ہو سکیں گے اور بعد ازاں اپنے سروس کیریئر میں اگلے عہدوں پر ترقی کے اہل ہوں گے۔آئی جی پنجاب نے ایس پی یو کے لدھیکی میں زیر تعمیرہیڈکوارٹر کو جلد مکمل کرنے، ہیڈکوارٹرز مناواں میں ورک سٹیشنز،واش رومز، دفاتر اور بیرکس کی تعمیر ومرمت سمیت جدید سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے آپریشنز روم میں جدید وہیکل ٹریکنگ سسٹم کے ذریعے غیر ملکی شہریوں کی نقل و حرکت اور سکیورٹی انتظامات کا بھی معائنہ کیا۔ڈاکٹر عثمان انور نے ایس پی یو کے آپریشنل و سکیورٹی امور میں فورس کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ غیر ملکی ماہرین،سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو محفوظ ترین ماحول فراہم کر رہا ہے۔سی پیک اور دیگر قومی منصوبوں کے تحفظ میں ایس پی یو کا کردار مثالی ہے۔

(روز نامہ نوائےوقت)

***********************