چیئرمین نیشنل اینٹی منی لانڈرنگ اتھارٹی مشتاق سکھیرا کی سنٹرل پولیس آفس آمد

Sep 27, 2025

چیئرمین نیشنل اینٹی منی لانڈرنگ اینڈ کاونٹرنگ فنانسنگ آف ٹیررازم (AML/CFT) اتھارٹی پاکستان سابق آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے سنٹرل پولیس آفس لاہور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ مشتاق احمد سکھیرا نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور بلندی درجات کے لیے دعا کی۔ ڈائریکٹر جنرل اے ایم ایل/سی ایف ٹی اتھارٹی احسان صادق ان کے ہمراہ تھے۔ چیئرمین اے ایم ایل مشتاق سکھیرا نے ملکی معیشت کے تحفظ، مالیاتی سکیورٹی اور سیفٹی کو یقینی بنانے کے لئے پنجاب پولیس کے ساتھ مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینے کی تجاویز پیش کیں۔ اس موقع پر یہ اتفاق رائے ہوا کہ منی لانڈرنگ اور فنانسنگ آف ٹیررازم کے مجرمان کے خلاف بین الصوبائی سطح پر یکساں میکانزم اپنایا جائے گا اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اعتماد میں لے کر مربوط کارروائیاں کی جائیں گی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے چیئرمین اے ایم ایل کو یقین دلایا کہ پنجاب پولیس اینٹی فنانشل کرائمز اور سٹینڈرڈز کے نفاذ میں بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔ چیئرمین اے ایم ایل مشتاق سکھیرا نے کہا کہ مالیاتی جرائم کے خلاف تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے یکساں میکانزم کی تشکیل اور کوششوں کا فروغ یقینی بنایا جائے گا۔سابق آئی جی پنجاب نے گزشتہ ڈھائی سال میں پنجاب پولیس کی تاریخی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر مبنی جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی کاوشوں کو سراہا۔ مشتاق سکھیرا نے سنٹرل پولیس آفس کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ بھی کیا اور پولیس انفراسٹرکچر کو بین الاقوامی معیار پر لیجانے پر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔

************************