انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں ہفتہ وار جنرل پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔سینئر پولیس افسران نے جنرل پریڈ کا معائنہ کیا جبکہ پریڈ میں شریک دستوں نے سلامی پیش کی۔ جنرل پریڈ میں پولیس لائنز، ڈولفن فورس، اینٹی رائٹ فورس، ٹریفک پولیس، مجاہد سکواڈ، ایس پی یو، لیڈیز پولیس، انویسٹی گیشن اور آپریشن ونگ تھانہ جات کے افسران و جوانوں نے بھرپور شرکت کی۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پریڈ کے دوران سینئر افسران نے جوانوں کا ٹرن آؤٹ بھی چیک کیا۔ اہلکاروں کے چاق و چوبند دستوں نے شاندار مارچ پاسٹ کیا جبکہ خواتین اہلکاروں نے بھی جنرل پریڈ میں حصہ لیا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ ہر سوموار صوبہ بھر میں باقاعدگی سے جنرل پریڈز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ضلعی افسران نے کوت، موٹر ٹرانسپورٹ ونگ، متفرق سٹورز، وردی گودام اور دیگر شعبوں کا بھی معائنہ کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ جنرل پریڈ کا مقصد اہلکاروں کو ہمہ وقت الرٹ رکھنا اور ان میں ڈسپلن، اتحاد اور بھائی چارے کی فضا کو فروغ دینا ہے۔ پریڈ کسی بھی فورس کے ڈسپلن، تاریخ، ورثے اور روایت کا بہترین مظہر ہوتی ہے۔ جنرل پریڈ کے ذریعے افسران و اہلکار اپنی فٹنس برقرار رکھتے ہیں اور فورس کی مجموعی کارکردگی مزید نکھرتی ہے۔
(روز نامہ خبریں)
***********************
