لاہور (سٹاف رپورٹر) پاکستان میں انڈونیشیا کے سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) چندرا وارسی نانتو سکوتجو نے اپنے وفد کے ہمراہ سنٹرل پولیس آفس لاہور کا دورہ کیا اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔ وفد میں انڈونیشیا کے ڈیفنس اتاشی کرنل ہنرو ہدایت سوسانتو، فرسٹ سیکرٹری محمد سفیان سر، سیکنڈ سیکرٹری ریکا گارتکا اور پروٹوکول افسر بونار سمیت دیگر افسران شامل تھے ۔ملاقات کے دوران پنجاب پولیس اور انڈونیشیا کے درمیان سکیورٹی اور ٹریننگ امور میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد کو پنجاب پولیس کی جدید ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی اصلاحات، سی ٹی ڈی، کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ اور ویلفیئر اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وفد کو سیف سٹیز پراجیکٹ، ورچوئل ویمن پولیس سٹیشنز، چائلڈ پروٹیکشن سنٹرز، خدمت و تحفظ مراکز، میثاق سنٹرز، تحفظ درسگاہ اور فوسٹر ہوم جیسے عوامی خدمت کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ملاقات میں سکیورٹی اور سیفٹی کے شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر آئی جی نے کہا کہ انڈونیشیا کی تیز رفتار ترقی اور اسلامی دنیا و خطے میں قائدانہ کردار قابلِ تحسین ہے۔
(روز نامہ دنیا)
***********************
