لاہور(نامہ نگار) پنجاب پولیس کا سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے افراد کی محفوظ مقامات پر منتقلی کیلئے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے۔انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں شہریوں اور مویشیوں کا انخلا اور ان کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔ سیف سٹی کی تھرمل امیجنگ ٹیکنالوجی اور ڈرون کیمروں کی مدد سے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن میں متعلقہ اداروں کو بھرپور معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن میں پنجاب پولیس کے 16 ہزار سے زائد افسران و اہلکار، 745 وہیکلز اور 40 کشتیاں شریک ہیں۔ متاثرہ اضلاع سے 5 لاکھ 73 ہزار 919 متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کر چکی ہے۔سیلاب زدہ علاقوں سے 2 لاکھ 41 ہزار 866 مردوں، ایک لاکھ 79 ہزار سے زائد خواتین اور ایک لاکھ 52 ہزار 971 بچوں کو ریسکیو کیا گیا جبکہ شہریوں کے 5 لاکھ 91 ہزار 3 سومویشیوں کو بھی محفوظ مقامات تک پہنچایا جا چکا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے پیش نظر انخلا کے عمل میں پنجاب پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
(روز نامہ نوائےوقت)
********************
