پنجاب پولیس کی خاتون افسر کااعزاز، پاکستان کا نام دنیامیں روشن کر دیا

Sep 11, 2025

 لاہور (کر ائم رپو رٹر)پنجاب پولیس کی خاتون افسر نے اعزاز حاصل کرکے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کر دیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پنجاب پولیس کی ایس عائشہ بٹ کو انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ویمن پولیس نے  ''Excellence in Performance Award 2025'' سے نوازا ہے۔ گلاسگو، اسکاٹ لینڈ میں منعقدہ 62 ویں سالانہ کانفرنس میں صدر آئی اے ڈبلیو پی جولیا جیگر نے ایس پی عائشہ بٹ کو بین الاقوامی ایوارڈ پیش کیا۔ دنیا بھر کے 40 سے زائد ممالک سے 300 خواتین پولیس افسران نے مختلف ایوارڈ کیٹیگریز میں حصہ لیا۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ایس پی عائشہ بٹ ان دنوں سٹی ٹریفک افسر گوجرانوالہ کے طور پر خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایس پی عائشہ بٹ کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباددی دیتے ہوئے کہا کہ ان کی یہ کامیابی نہ صرف محکمہ پولیس بلکہ پوری قوم کے لئے فخر کا باعث ہے، بالخصوص خواتین پولیس افسران کیلئے یہ ایک روشن مثال ہے۔

(روز نامہ پاکستان)

*******************