آئی جی پنجاب سے اطالوی پولیس کے وفد کی ملاقات

Sep 08, 2025

 لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے انٹرنیشنل پولیس کو آپریشن اٹلی کے سربراہ میجر جنرل لوئیگی لینڈولی کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دہشت گردی، منشیات و ہیومن سمگلنگ اور ٹریفکنگ کی سرکوبی کیلئے اٹالین پولیس اور پنجاب پولیس کے درمیان انفارمیشن شیئرنگ اور تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اٹالین اور پنجاب پولیس کے مابین کریمنلز انفارمیشن شیئرنگ، پولیس و ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کے دو طرفہ تجربات سے استفادہ بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ سینئر پولیس افسران نے وفد کو پنجاب پولیس کی آئی ٹی بیسڈ جدید ایپلی کیشنز، سسٹمز اور اصلاحات سے آگاہ کیا۔ وفد کو رائٹ مینجمنٹ پولیس، سی ٹی ڈی، میثاق سنٹرز، سی سی ڈی سمیت پبلک سیفٹی اور سکیورٹی کے جدید اقدامات بارے بھی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر اٹالین اور پنجاب پولیس کے افسران کی ٹریننگ کے ذریعے ایک دوسرے کے تجربات اور ٹیکنالوجی سے استفادہ پر بھی اتفاق رائے ہوا۔

(روز نامہ پاکستان)

************************