لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں دریاؤں کی سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر پنجاب پولیس کا نان اسٹاپ ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پولیس اب تک 03 لاکھ 57 ہزار سے زائد سیلاب متاثرین کو ریسکیو کر کے محفوظ مقامات تک منتقل کر چکی ہے۔پنجاب پولیس کے افسران و اہلکاروں نے 01 لاکھ 39 ہزار 655 مرد، 01 لاکھ 05 ہزار 934 خواتین اور 01 لاکھ 11 ہزار 499 بچوں کو ریسکیو کر کے محفوظ مقامات تک پہنچایا۔ پولیس نے سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے 04 لاکھ 78 ہزار 434 مویشیوں کو بھی ریسکیو کیا۔ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں لاہور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں 16 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار مصروف عمل ہیں۔ متاثرین کی منتقلی کے لیے پنجاب پولیس کی 700 سے زائد گاڑیاں اور 40 کشتیاں استعمال کی جا رہی ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے حکم دیا ہے کہ سیلاب زدہ علاقوں میں شہریوں کے بروقت انخلا اور ریسکیو سرگرمیاں بلاتعطل جاری رکھی جائیں۔ انخلا والے علاقوں میں شہریوں کی املاک کے تحفظ کے لیے سکیورٹی اور پٹرولنگ مزید بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔
(روز نامہ انصاف)
***********************
