پولیس سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مددکر رہی ہے : آجی جی پنجاب

Sep 03, 2025

لاہور(نامہ نگار)پنجاب پولیس کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے پولیس ہائی الرٹ ہے اور ہر ممکن معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ اب تک پنجاب پولیس کی جانب سے ریسکیوکئے گئے افراد کی تعداد 2 لاکھ 57 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جن میں ایک لاکھ 4 ہزار سے زائد مرد، 76 ہزار 426 خواتین جبکہ 77 ہزار 107 بچے شامل ہیں۔شہریوں کے کروڑوں روپے مالیت کے 3 لاکھ 20 ہزار سے زائد مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ریلیف کیمپوں میں پناہ گزین متاثرہ افراد کو بھرپور سکیورٹی، خوراک اور دیگر ضروریات زندگی فراہم کی جا رہی ہیں۔آئی جی پنجاب نے پولیس افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔پنجاب پولیس پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اور دیگر سکیورٹی اداروں کیساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ ریلیف آپریشن کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔ پولیس کے 15 ہزار سے زائد افسران و اہلکار، 700 سے زائد وہیکلز اور 40 بوٹس ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

(روز نامہ نوائےوقت)

********************