لاہور(نامہ نگار) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن بلا تعطل جاری ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا حالیہ غیر معمولی سیلابی صورتحال میں متاثرین کی فوری مدد کیلئے پنجاب پولیس ہائی الرٹ ہے اور شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ اب تک سیلاب سے متاثرہ اضلاع سے 2 لاکھ 46 ہزار 640 متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، جن میں 1 لاکھ سے زائد مرد، 72 ہزار 983 خواتین اور 73 ہزار 194 بچے شامل ہیں۔ مزید برآں شہریوں کے کروڑوں روپے مالیت کے 3 لاکھ 14 ہزار 579 مویشیوں کو بھی سیلاب زدہ علاقوں سے نکال کر محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے ساہیوال، ملتان، جھنگ اور مظفر گڑھ میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر پولیس کو ہمہ وقت ہائی الرٹ رہنے کے احکامات دئیے ہیں۔ کہا تھرمل امیجنگ ڈرون کیمروں کے ذریعے سیلابی ریلوں میں پھنسے شہریوں اور مویشیوں کو ٹریس کرکے ریسکیو کیا جا رہا ہے۔ قیمتی انسانی جانوں کو بچانے کیلئے غیر معمولی جرأت اور بہادری دکھانے والے پولیس افسران و اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 15 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار، 700 سے زائد وہیکلز اور 40 بوٹس ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
(روز نامہ نوائےوقت)
***********************
