فلڈ ریلیف کیمپوں میں سکیورٹی‘ ضروریات زندگی کی فراہمی یقینی بنانے کاحکم

Aug 31, 2025

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر صوبہ بھر کے مختلف دریاؤں میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر پنجاب پولیس کی جانب سے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن بلاتعطل جاری ہے۔ تقریباً ایک لاکھ کے قریب سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے،جن میں 40 ہزار 359 مرد،30 ہزار خواتین اور 27 ہزار 6سو سے زائد بچے شامل ہیں۔پنجاب پولیس نے سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے ہوئے 86 ہزار سے زائد مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔لاہور میں اب تک 5 ہزار سے زائد افراد کو سیلاب متاثرہ علاقوں سے نکال کر محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا ہے۔ریسکیو آپریشنز کیلئے پنجاب پولیس کی7 سو سے زائد گاڑیاں اور 40 کشتیاں استعمال میں لائی جا رہی ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس سیلاب متاثرین کے محفوظ انخلا اور ریلیف کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں سے متاثرہ افراد کے انخلا اور ریسکیو سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔فلڈ ریلیف کیمپوں میں پناہ گزین متاثرہ افراد کو سکیورٹی، خوراک اور ضروریات زندگی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اور دیگر سکیورٹی اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ قائم رکھا جائے۔

(روز نامہ نوائےوقت)

*********************