لاہور(نامہ نگار)پولیس نے گزشتہ روز صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبہ بھر میں نماز جمعہ کے اجتماعات میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے تھے۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور سمیت صوبہ بھر کی سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مساجد،امام بارگاہوں،مزارات اور اہم مقامات کی سکیورٹی یقینی بنائیں جبکہ معاشرے کی اصلاح، امن و انصاف کی فراہمی میں ممبر و محراب کا اہم کردار ہے۔آئی جی پنجاب نے ڈی پی اوز سمیت سینئر پولیس افسران کو ہدایت کی کہ جمعتہ المبارک کے موقع پر علاقائی مساجد کا دورہ کریں اور پولیس افسران نماز جمعہ کے بعد مساجد میں شہریوں کے مسائل سنیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ اسلام کی روح اور تعلیمات کے مطابق مساجد کو کمیونٹی سے رابطے کا مرکز بنایا جا رہا ہے۔معاشرے کی اصلاح،تعمیر و ترقی میں مساجد کی ضرورت اور افادیت انتہائی اہم ہے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ سینئر افسران مساجد کے ذریعے شہریوں کے گھر کی دہلیز پر ان کے مسائل سن کر حل کریں اور شہریوں کو پولیس کی طرف سے دی جانے والی خدمات اور سہولیات سے آگاہ بھی کیا جائے۔
(روز نامہ نوائے وقت)
***********************