پنجاب پولیس سیلاب متاثرہ علاقوں میں ہائی الرٹ ہے : آئی جی پنجاب

Aug 28, 2025

لاہور(نامہ نگار) سیلابی صورتحال میں پنجاب پولیس ہائی الرٹ ہے اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے۔انسپکٹر جنر ل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرہ علاقوں سے شہریوں کے انخلا کو یقینی بنا رہے ہیں اور شہریوں کے تحفظ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ دریائے چناب، ستلج اور راوی میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر پنجاب پولیس ہائی الرٹ ہو کر اپنے ڈیوٹی فرائض ادا کر رہی ہے۔ لاہور، شیخوپورہ، ننکانہ سمیت دریاؤں کے سیلاب زدہ پاٹ اور متاثرہ علاقوں سے شہریوں کے انخلا کو یقینی بنا رہے ہیں۔شہریوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی اور ریلیف کیمپس میں سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔پنجاب پولیس دیگر اداروں کے شانہ بشانہ شہریوں کو کھانا، صاف پانی اور ادویات کی فراہمی میں تعاون فراہم کر رہی ہے۔پی ڈی ایم اے سمیت ضلعی انتظامیہ، ریسکیو او رسکیورٹی اداروں کیساتھ مسلسل کوارڈینیشن میں ہیں۔ آر پی اوز، ڈی پی اوز اور سپروائزری افسران سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں کی خود مانیٹرنگ کریں۔دریاؤں کے کنارے آباد دیہاتوں اور آبادیوں میں پولیس کی امدادی ٹیموں کی پٹرولنگ باقاعدگی سے جاری رکھی جائے۔سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں ریلیف کیمپس، متاثرہ افراد کی امداد و سکیورٹی کیلئے اقدامات یقینی بنائیں۔ 

(روز نامہ نوائےوقت)

*************************