انسپکٹر کےعہدے پر ترقی پانے والے 60 افسروں کو رینک لگانے کی تقریب

Aug 21, 2025

 لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر سب انسپکٹر سے انسپکٹر عہدے پر ترقی پانے والے 60 افسروں کو رینک لگانے کی تقریب سنٹرل پولیس آفس میں منعقد کی گئی۔آئی جی پنجاب نے پروموٹ لاہور پولیس کے افسران کو انسپکٹر عہدے کے رینک لگائے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس کی تاریخ کا سب سے بڑے پروموشن بورڈ میں 406 سب انسپکٹرز کو ترقی دی گئی۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے نئے پولیس یونٹس کے قیام سے ہزاروں نئی آسامیاں اور پروموشنز ممکن ہوئیں۔حکومت پنجاب نے پولیس ہیومن ریسورس، سیف سٹیز، لاجسٹکس اورٹرانسپورٹ کیلئے اربوں روپے فراہم کئے ہیں۔امن کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے پنجاب پولیس کی بھرپور سرپرستی پر وزیر اعلیٰ پنجاب کے شکر گزار ہیں۔سی سی ڈی، رائٹ مینجمنٹ پولیس کے بعد ٹورازم،سائبر پولیس ونگز کے ذریعے مزید سینکڑوں آسامیاں اور پروموشنز ہوں گی۔ٹرائی باڈر ایریاز، کچے میں دہشت گردوں اور شرپسندوں کے حملوں سے حفاظت کیلئے وہیکلز بلٹ پروفنگ کا عمل جاری ہے۔اگلے سال تک پنجاب کے تمام شہروں، تحصیلوں اور یونین کونسلز کو سیف سٹی ٹیکنالوجی پر منتقل کر دیں گے۔ترقی پانے والے افسران کے اہلخانہ نے بڑی تعداد میں تقریب میں شرکت کی۔آئی جی پنجاب نے ترقی پانے والے افسران اور ان کے اہلخانہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ تمام پروموشنز، ویلفیئر اقدامات کے بدلے میں پاکستان کی بے خوف حفاظت اورپاکستانیوں کی بے لوث خدمت یقینی بنائیں۔

(روز نامہ نوائےوقت)

*************************