پنجاب پولیس کا بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن ،62 ہزار سے زائد مقدمات درج

Aug 19, 2025

لاہور(نامہ نگار)وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے جس کے تسلسل میں رواں سال اب تک لاہور سمیت صوبہ بھر میں بجلی چوروں کیخلاف 62 ہزار سے زائد مقدمات درج کیے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر سے بجلی چوری میں ملوث 45 ہزار 249 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ بجلی چوری کے 42 ہزار سے زائد مقدمات کے چالان مکمل کیے گئے۔ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے 3276 ملزمان کو سزائیں اور جرمانے کروائے گئے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں بجلی چوری کے 21 ہزار سے زائد مقدمات درج کئے گئے اور 20 ہزار 840 بجلی چور گرفتار کیے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا حکم دیا۔ کہا قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے ملزمان کیخلاف ترجیحی کاروائیاں کی جائیں۔

(روز نامہ نوائےوقت)
**************************