دریاکنارے آبادیوں میں پولیس ٹیمیں باقاعدگی سے پٹرولنگ جاری رکھیں،آئی جی

Aug 19, 2025

لاہور ٟ(کر ائم رپو رٹر )انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ دریا کے کنارے آباد دیہاتوں اور آبادیوں میں پولیس کی امدادی ٹیموں کی پٹرولنگ باقاعدگی سے جاری رکھی جائے اورسیلاب کے خطرے سے دوچار شہریوں کی جان ومال اور املاک کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائیگا۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ آئی جی پنجاب نے مری، راولپنڈی، جہلم اور چکوال سمیت متعلقہ اضلاع میں پولیس کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے ۔ سیلاب کے خطرے سے دوچار شہریوں کی جان ومال اور املاک کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ سیلاب متاثرین کو تحفظ، کھانا، ادویات اور دیگر ضروریات زندگی کی اشیائ بھی فراہم کی جائیں۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر صوبہ بھر میں ہفتہ وار جنرل پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔سینئر پولیس افسران نے پریڈ کا معائنہ کیا جبکہ پریڈ کے دستوں نے سلامی پیش کی۔ جنرل پریڈ میں پولیس لائنز، ڈولفن فورس، اینٹی رائٹ فورس، ٹریفک پولیس، مجاہد سکواڈ، ایس پی یو، لیڈیز پولیس، انویسٹی گیشن اور آپریشن ونگ تھانہ جات کے افسران و جوانوں نے شرکت کی۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے پولیس ملازمین اور انکے اہلخانہ نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین کے مسائل سنے اور فوری ریلیف کیلئے احکامات جاری کیے۔

(روز نامہ جنگ)

**********************