لاہور (کر ائم رپو رٹر)پنجاب پولیس نے جشن آزادی بھرپور جوش و جذبے سے منا یا۔لاہور سمیت صوبہ بھر کی پولیس لائنز، دفاتر کی مساجد میں ملک و قوم کی سلامتی کیلئے قرآن خوانی اور دعائیں مانگی گئیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ یوم آزادی پر پولیس دفاتر و لائنز میں پرچم کشائی کی پروقار تقاریب منعقد کی گئیں۔ آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز اور سینئر افسران و اہلکاروں سمیت شہداء کی فیملیزنے تقاریب میں شرکت کی۔ پولیس عمارات پر پرچم کشائی کی گئی اور پولیس کے چاک و چوبند دستوں نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس یوم آزادی پر شہریوں کی جان و مال، عزت و آبرو کے تحفظ کے عزم کو دہراتی ہے۔پنجاب پولیس کی فرض کی راہ میں 1700 شہادتیں ارض وطن سے لازوال محبت کی علامت ہیں ارض پاک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ملک و قوم کی حفاظت کرنے والی افواج پاکستان کی بہادری، شجاعت، لازوال قربانیوں اور صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ جشن آزادی کے موقع پرپنجاب پولیس نے خدمات پر مبنی ویڈیو ریلیز کی جس میں پنجاب پولیس کی مختلف فارمیشنزنے ملک و قوم کی خدمت اور حفاظت کے لئے تجدید عہد کیا۔سی ٹی ڈی، ایلیٹ فورس، ایس پی یونے دہشت گردوں، شر پسندوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنے رہنے کا عہد اور سی سی ڈی جوانوں نے سنگین جرائم کے خاتمے کیلئے مشن جاری رکھنے کا عزم کیا۔ پنجاب پولیس کے خدمت و تحفظ مراکز، میثاق سنٹرز کی خدمات نمایاں،پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی، ورچوئل وویمن پولیس سٹیشنزاور ورچوئل سنٹر فار چائلڈ سیفٹی کی خدمات کو اجاگر کیا گیا۔
(روز نامہ پاکستان)
************************
