چہلم حضرت امام حسینؓ و سالانہ عرس داتا علی ہجویری،لاہور میں سیکورٹی انتظامات مکمل

Aug 14, 2025

  لاہور (کر ائم رپو رٹر) چہلم حضرت امام حسین و سالانہ عرس صوفی بزرگ حضرت داتا علی ہجویری کے موقع پرپنجاب پولیس نے عزاداری جلوسوں، مجالس، عرس تقریبات کیلئے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دیدی۔ تفصیلات کے مطابق، چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر 644 مجالس منعقد، 392 عزاداری جلوس برآمد ہونگے۔ لاہور سمیت صوبہ بھر میں 37 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ لاہور میں 44 مجالس، 14 جلوسوں کی سکیورٹی پر 12 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہونگے۔ 926واک تھروگیٹس، 6753 میٹل ڈٹیکٹرز بھی چیکنگ کیلئے استعمال کئے جائینگے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ مجالس، عزاداری جلوسوں، عرس داتا صاحب تقریبات کے بھرپور سکیورٹی انتظامات یقینی بنائیں گے۔ سیف سٹیز اتھارٹی کیمروں کی مدد سے جلوسوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور، آر پی اوز، ڈی پی اوز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مجالس، عزاداری جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں جبکہ عرس کے موقع پر ملک بھر سے آنیوالے زائرین کی سکیورٹی کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں۔

(روز نامہ پاکستان)

************************