لاہور(نامہ نگار) آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے پولیس شہداء اور ملازمین کے بچوں کی معیاری تعلیم کیلئے احسن اقدام اٹھایا ہے جس کے تحت پنجاب پولیس اور نجی کالج کے مابین ایم او یو پر دستخط کرنے کی تقریب سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور نجی کالج کے چیف ایگزیکٹو شیخ حسن منور نے ایم او یو پر دستخط کئے۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایم او یو کے تحت کالج میں پولیس شہداء کے بچوں کو بالکل مفت داخلہ اور تعلیم سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔حاضر سروس پولیس ملازمین کے بچوں کو داخلہ فیس اور ماہانہ ٹیوشن فیس میں 50 فیصد رعایت دی جائیگی۔ دوران سروس انتقال کرنے والے ملازمین کے بچوں کو بھی داخلہ فیس اور ماہانہ ٹیوشن فیس میں 50 فیصد رعایت ملے گی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ تعلیمی ادارے کے سکولوں میں بھی پولیس شہداء اور ملازمین کو فیس میں رعایت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے،کالج کے طلبا و طالبات فرینڈز آف پولیس اور والینٹرز ان پولیس پروگرامز میں شریک ہوں گے۔ ایم او یو کے تحت پولیس ملازمین کے زیادہ سے زیادہ بچوں کو بہترین معیاری تعلیم کے مواقع میسر آئیں گے۔
(روز نامہ نوائےوقت)
**********************
