لاہور(کر ائم رپو رٹرسے)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر کہا کہ پنجاب پولیس مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی دلیرانہ جدوجہد کو سلام پیش کرتی ہے۔ پنجاب پولیس گزشتہ کئی دہائیوں سے جاری بھارتی غاصبانہ قبضے اور جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کی پرزور مذمت کرتی ہے۔مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے آزادی، حق خودارادیت اور بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ یوم استحصال کشمیر پر صوبائی دارالحکومت سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ اور شرپسند و ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے اور امن و امان سبوتاژکرنے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ یوم استحصال کشمیر پر شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ بڑھا دی جائے۔آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز اور ٹریفک افسران یوم استحصال کشمیر پروگراموں کے سکیورٹی و ٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کریں۔