لاہور (کرائم رپورٹر )چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا کہ پنجاب حکومت شہداء پولیس کی ویلفیئر کے اقدامات کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔یوم شہداء پولیس کے موقع پر پولیس شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے الحمرا ہال میں پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور مہمان خصوصی تھے۔ پولیس شہداء کے اہلخانہ سمیت سینئر صحافی و تجزیہ کار سلمان غنی، فنکار سہیل احمد عزیزی، افتخار ٹھاکر، قیصر پیا، گلوکار حمیرا ارشد، ساحر علی بگا اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے اڑھائی سال میں پنجاب کو محفوظ صوبہ بنایا۔ پنجاب پولیس نے 365 میں سے 353 دن قربانیاں دیں جبکہ صرف 12 دن شہادت سے خالی ہیں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں امن شہداء کی قربانیوں کی بدولت ہی ہے جبکہ اعداد و شمار کے مطابق صوبہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال مثالی ہے۔ تقریب میں پولیس شہدا کے اہلخانہ، بچوں نے خیالات کا اظہاربھی کیا۔
2017ء سے قبل کے شہداء پولیس کے اہلخانہ میں پلاٹس کی فائلیں تقسیم کی گئیں۔ چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کیجانب سے 26 شہداء کے آئی ٹی کی تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کو جدید لیپ ٹاپ بھی دئیے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے تقریب کے شرکا کو سووینئرز بھی پیش کئے گئے۔ بعدا زاں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے ڈی آئی جی کیپٹن (ر) سید احمد مبین شہید کی قبر پر حاضری دی اور ان کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر اے آئی جی ایڈمن اینڈ سکیورٹی ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی اور دیگر افسران موجود تھے۔آئی جی پنجاب قربان لائنز میں ڈی آئی جی کیپٹن (ر) سید احمد مبین شہید کی رہائش گاہ پر گئے،ان کی والدہ اور دیگر اہلخانہ سے ملاقات کی۔
(روز نامہ جنگ)
********************
